Sunday, September 8, 2024

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، دس افراد جاں بحق، ایک درجن سے زائد زخمی

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، دس افراد جاں بحق، ایک درجن سے زائد زخمی
March 11, 2016
کوئٹہ (نائنٹی ٹو نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مختلف واقعات میں اب تک دس افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ضلع شیرانی کے علاقے شنہ پونگہ میں میں مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین سمیت تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ بچوں کی عمریں گیارہ سے تین سال کے درمیان تھیں حبکہ شاہ نورانی کے علاقے میں دو موٹرسائکل سوار سیلابی نالے میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔ پشاور سے آنے والی مسافر کوچ پھسلن کے باعث رکھنی کے قریب الٹ گئی جس کے نیتجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دالبندیں میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ لورالائی میں پہاڑی محلہ سکول میں کمرے کی چھت گرنے سے چار بچیاں زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ساری رات جاری رہنے والی بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، خضدار، ژوب، شیرانی، دالبندین سمیت دیگر علاقوں میں کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ جانے کے باعث آمدورفت کا سلسلہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی صوبے کے مختلف علاقوں سبی، نصیر آباد اور ژوب ڈویژن میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے پوری طرح الرٹ ہیں۔ وادی کوئٹہ کے علاقے سریاب کے علاقے میں خستہ اور بوسیدہ مکانات میں رہائش پذیر پندرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ دائود خلجی کے مطابق تمام ادارے پوری طرح الرٹ ہیں اگر ضرورت پڑی تو فوج اور ایف سی کی مدد بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔