Friday, April 19, 2024

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال ، 10 ہزار سے زائد گھر متاثر

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال ، 10 ہزار سے زائد گھر متاثر
March 4, 2019
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال  ہے جس کے باعث  10 ہزار سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں ۔ حالیہ طوفانی بارشوں اور برف باری نے بلو چستان بھر میں تباہی مچادی  ہے ، کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی  سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوگئے  جبکہ رابطہ سٹرکیں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث  تاحال شاہراہیں بند ہے  ۔ نوشکی ،چاغی ،واشک ، قلعہ عبد اللہ ، زیارت، پشین سمیت دیگر علاقوں میں بھی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی پانی گھر وں میں داخل ہوگیا ہے ،بڑی تعداد میں لوگوں نے محفوظ مقامات کا رخ کرلیا ہے ۔ بارشوں سے متاثرہ افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جلد ان کے لئے کمبل ،خوراک فرا ہم کرنے کے علا وہ سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔ دوسری جانب پاک فوج ، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مکران اور لسبیلہ میں امدادی کیمپ بھی قائم کرنے کے علاوہ محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔