Thursday, May 2, 2024

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی
May 18, 2019
 کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچادی۔ چھتیں گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارشوں نے ہرطرف تباہی مچا دی ۔ گرج چمک آندھی اور طوفان کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے صوبے کے علاقے متاثر ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ میں مکان کی چھت گرجانے سے خاتون سمیت 3  افراد جاں بحق ہو گئے۔ موسی خیل میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ دکی میں 20 سے زائد مکانات گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے ، ہرنائی میں بھی بارشوں سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے۔ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے سبی میں سنہری پل پانی میں بہہ گیا جس سے سبی تا کوہلو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ ہرنائی سے سنجاوی جانے والی شاہراہ بھی بارشوں سے متاثر ہونے کے باعث ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق 100 سے زائد خاندانوں کیلئے امدادی سامان خوراک اور ادویات کی پہلی کھیپ متاثرہ علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہے۔ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کاجائزہ لیا جارہا ہے جسکے بعد ریلیف کا کام شروع کیا جائے گا۔