Thursday, April 25, 2024

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیومہم جاری

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیومہم جاری
August 7, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیومہم جاری ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔ اس وقت کوئٹہ میں ہمارے نمائندے فضل تواب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے ساتھ موجودہیں۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا، حکومت بلوچستان کی جانب سے پولیو ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے اور پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، جہاں جہاں گھرکے سربراہ یا والدین نے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کیا ہے اس علاقے سے پولیو کیسز نہیں آرہے ہیں، جن علاقوں میں لوگوں کا تعاون کم ہے وہاں کے قبائلی عمائدین، علمائے کرام، پڑھے لکھے نوجوانوں اور ماؤں سے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے لیے اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

لیاقت شاہوانی بولے کہ، اس وقت 16 اضلاع میں انسداد پولیومہم جاری ہے، معصوم زندگیوں کو بچانے کے لیے ہم سب کو مل کر جنگ لڑنا ہوگی۔ گھر کے سربراہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے پولیو ویکسین ضرور پلوائے۔