Saturday, April 20, 2024

بلوچستان کا ترقی میں پیچھے رہ جانا حکمرانوں کی عدم توجہی تھی، وزیراعظم

بلوچستان کا ترقی میں پیچھے رہ جانا حکمرانوں کی عدم توجہی تھی، وزیراعظم
August 10, 2021 ویب ڈیسک

لسبیلہ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا، بلوچستان کے ترقی میں پیچھے رہ جانے کی وجہ حکمرانوں کی عدم توجہی تھی۔ 

وزیراعظم نے سونمیانی میں مقامی افراد اور پودے لگانے والے افراد سے خطاب میں کہا، پی ٹی آئی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ایک ہزار ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا، لسبیلہ سے گوادر تک کے علاقوں میں اپنےمذہب اورکلچر کے مطابق سیاحت کوفروغ دیں گے، جس سے مقامی افراد کوروزگار اور صحت کی سہولتیں مل سکیں گی، اور لوگ اپنے بچوں کو پڑھا سکیں گے۔

عمران خان نے کہا، یہ علاقہ انڈسٹریل اسٹیٹ نہیں بن سکتا لیکن شاندار قسم کا ٹورازم ریزورٹ بن سکتا ہے۔ ہم اسلامی دنیا کے لیے اس مقام کو سیاحت کا بہترین مقام بناسکتے ہیں۔ ہم پاکستان کے ان پہاڑی علاقوں کو ڈویلپ کررہے ہیں جو پہلے نہیں ہوسکے تھے۔

اُنہوں نے کہا، ہم بہت خوش قسمت ہیں، یہاں کے سمندر میں مینگروز بھی ہیں، پاکستان میں بہت سے موسم ہیں، دنیا کے موسم بہت تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں، خشک سالی، گرمی اور سیلاب یہ سب موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں سب سے زیادہ درخت معاون ثابت ہوتے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، افسوس کے ساتھ ماضی کے حکمرانوں کے علاوہ بلوچستان کے لیڈرز نے بھی اپنے صوبے پر توجہ نہیں دی، ہم نے فیصلہ کرلیا ہے بلوچستان کو آگے لے کر آنا ہے۔ بلوچستان کے  وسائل جب یہاں کے لوگوں پر خرچ ہوں گے تو صوبے میں بہتری آئے گی۔