Sunday, September 8, 2024

بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی صورتحال

بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی صورتحال
March 11, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں کئی بوسیدہ چھتیں گر گئیں۔ ندی نالوں میں طغیانی سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ چمن سمیت دیگر علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں۔ پنجگور، دالبندین، سبی، قلات اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ دالبندین میں 22، پنجگور میں 11، سبی میں 22 اور قلات میں چھتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کمشنر کوئٹہ نے بارشوں سے ہونے والے نقصان کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ دوسری جانب پنجاب میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، راجن پور اور بھکر میں  خوب بارش ہوئی۔ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ ڈی جی میٹ کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ادھر سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔