Thursday, April 25, 2024

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ، سردی کی شدت میں اضافہ

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ، سردی کی شدت میں اضافہ
November 22, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں وادی کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارشوں سے خشک سالی کے خاتمے کا امکان ہے۔ وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ شب سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ تو ہوا مگر موسم بھی خوشگوار ہو گیا ۔ سوکھے پتے بارش کے قطرے پڑنے سے دھل سے گئے۔ پرندوں کی ٹہنیوں پر بیٹھ کر ہلکی ہلکی  سرگوشیوں نے موسم کی خوبصورتی کو جیسے چار چاند لگا دیے۔ پہاڑوں سے گھری وادی کوئٹہ میں باران رحمت برسنے کے بعد شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے۔ کہتے ہیں کہ بادل کھل کر برسیں تو صوبے پر خشک سالی کے منڈلاتے خطرات ٹل جائیں گے۔ کوئٹہ اور دالبندین میں دو جبکہ قلات اور تربت میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے ائندہ 24 گھنٹوں کے دوران  کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں مزید ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی نوید سنائی ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافے کا بھی امکان بڑھ گیا ہے۔