Thursday, April 25, 2024

بلوچستان ڈرون حملہ‘ ڈرائیور کے ورثاءنے امریکی حکام پر مقدمہ درج کرا دیا

بلوچستان ڈرون حملہ‘ ڈرائیور کے ورثاءنے امریکی حکام پر مقدمہ درج کرا دیا
May 29, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان کے علاقے نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ٹیکسی ڈرائیور محمد اعظم کے ورثا نے امریکی حکام کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد اعظم کو ناحق مارا گیا ہے اسکا کسی قسم کی تخریب کاری سے کوئی واسطہ نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق 25مئی کو بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ولی محمد کے ہمراہ جاں بحق ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور محمد اعظم کے بھائی محمد قاسم کی مدعیت میں لیویز تھانہ مل نوشکی میں امریکی حکام کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی جس میں براہ راست امریکی حکام کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں 302,109 اور 427 سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ محمد اعظم کے بھائی محمد قاسم نے ایف آئی میں موقف اختیار کیا کہ میرا بھائی بے گناہ ہے‘ اس کا کسی تخریب کار سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ اسکے چار چھوٹے بچے ہیں اور وہ گھر کا واحد کفیل ہے۔ واقعہ میں ملوث امریکی حکام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے ہمیں اور ہمارے خاندان کو انصاف دلایا جائے۔