Thursday, April 25, 2024

بلوچستان : وزیر بلدیات کے مغوی بیٹے کا پتا نہ چل سکا‘ درجنوں مشتبہ افراد گرفتار

بلوچستان : وزیر بلدیات کے مغوی بیٹے کا پتا نہ چل سکا‘ درجنوں مشتبہ افراد گرفتار
May 21, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان کے وزیربلدیات سردار مصطفی خان ترین کے نوجوان بیٹے اسد خان کا بیس گھنٹے گزرنے کے باوجود پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس اور لیویز کے مختلف علاقوں میں چھاپے‘ درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں اغواکار ایک بار پھر متحرک ہو گئے۔ یکے بعد دیگر ے بعد تاجر اور معروف فزیشن کے بعد دن دہاڑے پشین سے صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفے ترین کے جواں سال صاحبزادے اسد خان کو کیڈٹ کالج سے گھر جاتے ہوئے اغوا کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اسد خان ترین کی گاڑی اور موبائل نیو کلی سرخاب کے قریب سے مل گیا ہے جبکہ وزیرا علی بلوچستان نواب ثناہ اللہ زہری کی ہدایت پر آئی جی پولیس احسن محبوب نے آر پی او کوئٹہ اور ڈی آئی جی کرائمز کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ پولیس اور لیویز نے پشین‘ قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے تاہم بیس گھنٹے گزرنے کے باجود بھی انکی بازیابی میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔