Sunday, May 19, 2024

بلوچستان میں کڑاکے کی سردی، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے نظام زندگی منجمد

بلوچستان میں کڑاکے کی سردی، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے نظام زندگی منجمد
December 26, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ یخ بستہ ہوائیں چلنے سے نظام زندگی منجمد ہو گئی۔

ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے الگ الگ نظارے ہیں۔ کہیں بارش اور کہیں رم جھم جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

ملک بھر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ خیبر پختونخوا کے شہر سوات اور مینگورہ میں بارش ہوئی۔ دیر بالا، کالام، مالم جبہ ، مہوڈنڈ، اتروڑ میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ہر طرف سفیدی ہی سفیدی نظر آنے لگی۔ پشاور میں کالی گھٹائیں چھا گئیں۔

بلوچستان میں  شدید سردی کی لہر نے نظام زندگی متاثر کر دیا۔ کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ زیارت اور گردو نواح میں برف باری سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔ سیاحوں نے زیارت میں ڈیرے ڈال لیے۔ سیاحوں کیلئے  سرکاری گیسٹ ہاؤسز کھول دیئے گئے۔

ادھر پنجاب میں بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں  رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔ فیصل آباد ،عارف والا، ملتان، شاہ کوٹ اور پاکپتن میں  بھی بادل برسے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں   بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ شہر قائد میں بھی  بادل برس پڑے۔ بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا اور یہ کالی گھٹائیں چھائی رہیں۔

محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب و خیبر پختونخوا کے بیشتر شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ اسموگ اور دھند کے خاتمے کا امکان ہے۔ طبی ماہرین نے بارش کے باعث موسمی بیماریاں ختم ہونے کی نوید سنا دی۔