Friday, April 19, 2024

بلوچستان میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ، وزیر اعلیٰ جام کمال سیر سپاٹے میں مصروف

بلوچستان میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ، وزیر اعلیٰ جام کمال سیر سپاٹے میں مصروف
March 24, 2020
 کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے لیکن وزیراعلیٰ جام کمال کے سیر سپاٹے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان فیملی کے ہمراہ جھل مگسی میں مگسی خاندان کے مہمان بن گئے۔ سوشل میڈیا پر تصویریں وائرل ہوئیں تو شہریوں نے بھی طوفان کھڑا کر دیا۔ جھل مگسی کے پکنک پوائنٹ چھتل نورانی میں کھینچی گئی ان تصویروں میں وزیراعلیٰ بلوچستان خوشگوار موڈ میں گپ شپ کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے اور انہیں عوام کی تکلیف و پریشانی سے کوئی سروکار نہیں۔ عوامی حلقوں کی جانب سے وزیراعلیٰ کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جام کمال خان بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کے ساتھ ساتھ وزارت صحت کا قلمدان بھی اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور کورونا وائرس کی ایسی ہنگامی صورتحال میں انکا صوبائی دارلحکومت سے باہر رہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس حوالے سے 92 نیوز نے جب وزیراعلیٰ بلوچستان کے جھل مگسی دورے کی تفصیلات معلوم کرنا چاہیں تو انھوں نے موقف دینے سے انکار کر دیا۔