Thursday, March 28, 2024

بلوچستان میں کرونا وائرس کے خطرے پر تعلیمی ادارے مزید 15 دن بند رکھنے کا اعلان

بلوچستان میں کرونا وائرس کے خطرے پر تعلیمی ادارے مزید 15 دن بند رکھنے کا اعلان
March 12, 2020
 کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں کرونا وائرس کے خطرے پر تعلیمی ادارے مزید 15 دن بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔ بلوچستان اور سندھ کرونا وائرس کے نشانے پر آ گئے۔ ایران میں وائرس پھیلنے کے بعد بلوچستان کو سب سے زیادہ خطرہ جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والا صوبہ سندھ بھی شدید خطرے سے دوچار ہے۔ حکام نے اسی تناظر میں خصوصی انتظامات کر لئے۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح اور شیخ زاید اسپتال میں آئسولیشن وراڈز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کرونا سے متاثرہ 12 سالہ علی رضا ابھی زیرعلاج ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق میاں غنڈی میں قائم قرنطینہ سنٹر میں 65 سے زائد زائرین مقیم ہیں۔ ایران سے آنے والے 14 زائرین کے کرونا ہیلتھ سرٹیفکیٹ جعلی نکلے۔ سکیورٹی فورسز نے 14 زائرین کو روک لیا۔ زائرین کے پاس موجود سرٹیفکیٹس پر 30 فروری  کی تاریخ درج تھی۔ وزیرتعلیم بلوچستان یار محمد رند نے کرونا وائرس کے خطرے پر تعلیمی ادارے مزید 15دن بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ سندھ کے تعلیمی بورڈز نے 16 مارچ سے میٹرک کے امتحانات کا اعلان کر رکھا ہے تاہم سعیدغنی کا کہنا ہے سندھ میں اسکولز کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ دوسری طرف ناصر شاہ کہتے ہیں چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ نہیں ہوا۔ محکمہ صحت سندھ نے 80 افراد پر مشتمل عملے کو ایئرپورٹ پر تعینات کر دیا جبکہ مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں وفاق ایئر پورٹس کے حوالے سے کارکردگی مؤثر بنائے۔