Friday, May 3, 2024

بلوچستان میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلے سے راجن پور کے نشیبی علاقوں میں تباہی

بلوچستان میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلے سے راجن پور کے نشیبی علاقوں میں تباہی
May 17, 2019

 کوئٹہ (92 نیوز) شمال مشرقی ومغربی بلوچستان میں دوسرے روز بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سیلابی ریلے نے راجن پور کے نشیبی علاقوں میں تباہی مچا دی۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی کئی شاہراہیں بند ہیں۔

 بلوچستان کے علاقے جنگل پیرعلیزئی، سرانان، بوستان،شیرانی، مانی خوا، کوہلو اور رکھنی میں دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کوہلو میں موسلادھار بارش کے بعد سوناری رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس سے کوہلو کا ضلع سبی اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔

دکی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے نالوں میں طغیانی،گندم ، پیاز ، سبز مرچ اورآ لو کی فصلوں تباہ ہو گئی۔ دکی کے علاقے لونی اور یاروں شہر میں 15 مکانات جبکہ ملاح عبداللہ اور جنگل میں 20 مکانات منہدم ہو گئے ۔ ہرنائی میں مختلف ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کے باعث پنجاب بلوچستان کے درمیان آمدورفت متاثر ہوئی۔

 موسیٰ خیل میں بھی بارش سے ندی نالوں میں سیلابی ریلے آگیا۔ موسیٰ خیل کنگری روڈ پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ کوئٹہ میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی، ہرنائی پنجاب شاہراہ بند کردی گئی جب کہ پھلوں کے باغات اور فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ایڈ منسٹریٹر فاروق لانگو نے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔  

 صوبائی وِزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے حالیہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ میر ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ تمام علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔