Friday, April 26, 2024

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال، 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال، 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ
August 28, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی۔ صوبے کے کئی اضلاع کے دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جس کے پیش نظر بلوچستان کے 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ بلوچستان میں حالیہ تین روز سے جاری طوفانی بارشوں نے ہرسُو تباہی برپا کردی۔ گرج چمک کے ساتھ جاری طوفانی بارشوں نے صوبے کے کئی اضلاع کے دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع کر دیا۔ جس کے پیش نظر صوبے کے 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ صوبہ بھر میں ہونے والی بارشوں سے سب سے زیادہ ضلع کچھی، سبی، لسبیلہ اور ہرنائی کے علاقوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دریائے ناڑی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے مطابق دریائے ناڑی سے ایک لاکھ 34 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے جس سے قریبی دیہاتوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ حب کے علاقے لاکھڑا میں آسمانی بجلی گرنے سے مدرسے کا طالب علم جاں بحق ہو گیا، جبکہ دکی میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔ بارشوں کے باعث لسبیلہ میں کوئی کراچی شاہراہ بھی سیلابی پانی میں بہہ گئی جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ہرنائی میں تین روز سے جاری بارشوں سے متعدد دیہات زیر آب آگئے جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بلوچستان سے خیبر پختونخوااورپنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر بھی بحالی کا کام جاری ہے۔