Thursday, May 9, 2024

بلوچستان میں سیلاب، متعدد افراد بہہ گئے، بند ٹوٹ گئے، کھڑی فصلیں بھی تباہ

بلوچستان میں سیلاب، متعدد افراد بہہ گئے، بند ٹوٹ گئے، کھڑی فصلیں بھی تباہ
August 9, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، جوشے سامنے آئی، بہا لے گیا، متعدد افراد بہہ گئے، بند ٹوٹ گئے، کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ دریائے ناڑی میں سبی ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، یونین کونسل مل کے بیشترعلاقوں کا سبی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ لاکھوں ایکڑ زمین پر تاحد نگاہ پانی ہی پانی نظر آرہا ہے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سیلابی پانی بھورا بند کو بھی بہا لے گیا، مرغزانی میں بھی کٹاؤ بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے، درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں۔ درگاہ شاہ نورانی اور تحصیل سارونہ کے پہاڑوں پر موسلادھار بارشوں سے سیلابی ریلے لسبیلہ کے حب ڈیم میں داخل ہونا شروع ہوگیا، ڈیم میں پانی کی سطح مزید 9 فٹ بڑھ گئی، پانی گنجائش سے صرف 18 فٹ کم رہ گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق سبی کے قریب ڈھاڈر میں سیلابی ریلے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی، جبکہ جھل مگسی کے پہاڑی سلسلے میں پھنسے خاندان کو 8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ریسکیو کر کےمحفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دوسری طرف کوئٹہ سے پنجاب اور سندھ کا زمینی رابطہ دوسرے روز بھی منقطع ہے، جبکہ انتظامیہ نے بی بی نانی زیارت کا سیلاب میں بہہ جانے والے پل کی مرمت شروع کردی ہے۔