Thursday, April 25, 2024

بلوچستان میں سیاسی گہما گہمی جاری

بلوچستان میں سیاسی گہما گہمی جاری
January 4, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) بلوچستان میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ۔ تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کیلئے فضل الرحمان بھی سرگرم ہو گئے ۔ مسلم لیگ ن نے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے میدان سنبھال لیا۔ نیشنل پارٹی سمیت اتحادیوں نے وزیر اعلیٰ کی حمایت کا عہد کر لیا۔

بلوچستان کی سیاست پر چھائے گھنے بادل چھٹنے کا نام ہی نہیں لے  رہے ۔  حاصل بزنجو کہتے ہیں وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ سرفرازبگٹی بولے وزیراعلیٰ سے ذاتی نہیں سیاسی اختلافات ہیں ۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی سکیورٹی واپس لینا افسوسناک ہے ۔  صالح بھوتانی کہتے ہیں وہ وزارت اعلیٰ کے امیدوار نہیں  اصولی سیاست کر رہے ہیں ۔  ادھر یعقوب ناصر کا کہنا ہے حکومت اتنی ہی بری تھی تو ساڑھے چار سال ساتھ کیوں دیا؟ ۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر یعقوب ناصر  کی ہمشیرہ اور صوبائی مشیر در محمد ناصر کی والدہ کی وفات پر ہونے والی فاتحہ خوانی  سیاسی اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔  

تحریک عدم اعتماد کے جانشین ہوں یا حکومتی جماعت کے محافظ ہر کوئی فاتحہ کے لئے پہنچا  ۔ اس دوران  کئی سیاسی رہنماؤں نے میڈیا سے  بھی بات چیت کی   ۔

نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے اپسی اختلافات ہیں مرکز انہیں دور کرے  ۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سے زاتی نہیں  بلکہ سیاسی اختلافات ہیں ۔ مسلم لیگ ن کا حصہ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی فاتحہ خوانی کے لئے آئے مگر میڈیا سے بات چیت سے گریز  کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی اپنا موقف عوام کے سامنے رکوں گا۔