Thursday, April 25, 2024

بلوچستان میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائینگے ، ترجمان دفتر ‏خارجہ

بلوچستان میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائینگے ، ترجمان دفتر ‏خارجہ
April 18, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) ترجمان دفتر ‏خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں پہلے بھی بھارت ملوث تھا جسے دنیا کے سامنے لائے ، اب بھی کوئی بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائیں گے ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے۔

ترجمان دفتر ‏خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے  بلوچستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے کردار جلد بے نقاب کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ بیرونی ہاتھ ملوث ہوا تو سامنے لائیں گے ۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر ‏خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوحہ سمیت افغان امن کیلئے ہر کاوش کا حامی ہے ،دوحہ پراسیس کا کوئی وجود نہیں، پہلے مذاکرات ابوظہبی ،پھر دوحہ میں ہوئے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان، افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نےبتایا کہ پاکستان کی پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ عہدے سےسبکدوش ہو گئیں ،جب کہ نئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے چارج سنبھال لیا ہے ۔

ترجمان نے ترکی میں جاں بحق ہونیوالے پاکستان نوجوان زرک ظہیر  کے بھائی کو ترک ویزہ جاری  کرنے سے متعلق بتایا کہ ویزہ جاری کیا جا چکا ہے ،زرک ظہیر کا جسد خاکی استنبول پہنچا دیا گیا، جلد وطن لایا جائے گا۔