Thursday, April 18, 2024

بلوچستان میں خواتین پر تشدد اور نازیبا ویڈیوز بنانے کے اسکینڈل میں مزید پیشرفت

بلوچستان میں خواتین پر تشدد اور نازیبا ویڈیوز بنانے کے اسکینڈل میں مزید پیشرفت
December 12, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین پر تشدد اور نازیبا ویڈیو بنانے کے اسکینڈل میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے۔

اسکینڈل میں ملوث عادی مرکزی ملزم ہدایت خلجی اور اسکا بھائی خلیل خلجی کئی سالوں سے خواتین پر تشدد اور نازیبا ویڈیوز کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق نیٹ ورک کے دیگر افراد کا ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے موبائل فون کمپنیوں کی معاونت حاصل کر لی گئی۔ تیسرے ملزم کی گرفتاری میں پیش رفت جاری ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے دوبارہ گرفتارملزمان کے گھر کا دورہ کیا اور مزید شواہد بھی اکٹھے کئے۔

اِدھر متاثرہ خواتین کی واپسی کیلئے پاکستان نے افغان حکومت سے رابطہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب مشیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو کے زیرصدرات ویڈیو اسکینڈل سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا جس میں اصلاحاتی کمیٹی کے ممبران، پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہونگے۔

اجلاس میں ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ کوئٹہ خواتین کو حراساں کرنے کے خلاف ریلی بھی نکالی جائے گی۔