Friday, April 26, 2024

بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، عبدالقدوس بزنجو کے حامی ارکان کی تعداد پینتالیس ہو گئی

بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، عبدالقدوس بزنجو کے حامی ارکان کی تعداد پینتالیس ہو گئی
October 27, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔ عبدالقدوس بزنجو کے حامی ارکان کی تعداد پینتالیس ہو گئی۔

ایچ ڈی پی، بی این پی اور ثنا اللہ زہری نے بزنجو کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی دو گروپوں میں تقسیم ہے۔ یار محمد رند نے وزیراعلی کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

بلوچستان کی نئی حکومت کی تشکیل کے لئے معاملات طے ہو گئے۔ کوئٹہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر پرویز خٹک، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری و بی اے پی اور پی ٹی آئی کے اراکین کی مشترکہ پریس کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک ماہ سے سیاسی بحران تھا جو اب خوش اسلوبی سے ختم ہو گیا ہے۔

بی اے پی کے قائم مقام صدر ظہور بلیدی نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے قدوس بزنجو اور اسپیکر کے لیے جان محمد جمالی کے ناموں کا اعلان کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے بی اے پی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی جانب سے مکمل  حمایت کا اعلان کیا۔

بی اے پی کی جانب سے نئے قائد ایوان کے نامزد امیدوار قدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ صوبے کے مسائل زیادہ ہیں خواہش ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ ملکر صوبے کی ترقی و خوشحالی  کے لیے کام کریں۔

میرضیاء اللہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کو بچانے اور جام کمال کے مشورے سے ہی گلے شکوے ختم کرکے بی اے پی کے 23 اراکان اسمبلی دوبارہ اکھٹے ہو کر کام کریں گے۔