Sunday, September 8, 2024

بلوچستان میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

بلوچستان میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
August 13, 2017

کوئٹہ (92نیوز)بلوچستان کے مختلف شہروں میں پاکستان کا سترواں یوم آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔ شہر شہر ،نگر نگر  سبز ہلالی پرچم لہراتا دکھائی دے رہا ہے جبکہ لوگ جشن آزادی کی مناسبت سے بیجز اور کیپس خریدنے  کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں کو سجانے میں مصروف ہیں ۔

تفصیلات کےمطابق لسبیلہ میں سترواں یوم آزادی منانے کے  لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔ جشن آزادی کے سلسلے میں لسبیلہ پریس کلب سے  چودہ اگست کو ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی  جبکہ لسبیلہ کے باسیوں کا کہنا ہے کہ دشمن دھماکے کر کے اُن کے آزادی کا دن منانے کے جذبے کو کم نہیں کرسکتا۔

بارکھان میں بھی جشن آزادی منانے کے لئے  تیاریاں زور شور سے جاری ہیں ۔ یوم آزادی کے حوالے سے سکیورٹی اداروں نے بارکھان میں فلیگ مارچ  کیا جس میں لیویز ،پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے شرکت کی،ڈی سی بارکھان کا کہنا ہے دشمن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اُس کے مقابلے کے لئے  ہم ہر وقت تیار ہیں ۔سوئی میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سول عسکری حکام کے علاوہ قبائلی عمائدین اور ایف سی کالج کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ ادھر چمن میں بھی جشن آزادی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جشن آزادی کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جس کے  شرکاء نے سبزہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی۔