Monday, June 17, 2024

بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے، فواد چودھری

بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے، فواد چودھری
January 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیرِاطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے۔ 

ہفتہ کے روز نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا پہلے کی طرح دشمنوں کو ناکوں چنے چبوائیں گے، قوم شہدا کے والدین کے ساتھ کھڑی ہے، ایک قطرہ خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کی حمایت سے ہمارے سیکورٹی ادارے کسی بھی علیحدگی پسند عناصر سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ مذہبی انتہا پسندی سمیت کسی بھی قسم کی انتہا پسندی قابل مذمت ہے اور میڈیا کو اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ چین سے دوستانہ اور وقت کی آزمائش میں پڑنے والے ملک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران وزیراعظم کے مزید دو غیر ملکی دورے بھی شیڈول ہیں جس سے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود ہماری معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور رواں سال معاشی محاذ سے مزید اچھی خبریں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صنعت پھل پھول رہی ہے اور زراعت کے شعبے میں بھی طویل عرصے کے بعد تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

وزیراطلاعات نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ویزا درخواست مسترد کرنے کے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی قیمت پر احتساب کے اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یوریا کی سپلائی اور قیمت سے متعلق انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی سطح پر یوریا کی طلب اور رسد میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں یوریا کی دستیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔