Sunday, September 8, 2024

بلوچستان میں تباہی مچانے کے بعد کالی گھٹاؤں کے پنجاب اور خیبرپختونخواہ  میں ڈیرے، موسم خوشگوار

بلوچستان میں تباہی مچانے کے بعد کالی گھٹاؤں کے پنجاب اور خیبرپختونخواہ  میں ڈیرے، موسم خوشگوار
March 12, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) بلوچستان میں تباہی مچانے کے بعد کالی گھٹاؤں نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ  میں ڈیرے ڈال لئے۔ لیکن بادلوں نے میدانی علاقوں میں کھل کر برسنے کے بجائے موسم خوشگوار بنا دیا۔ ہلکی بارش سے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات نے آج سارا دن ہلکی بارش کی نوید سنا دی۔ بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کے گٹھ  جوڑ نے درجہ حرارت گرا دیا۔ بلوچستان میں تباہی مچانے والا بارشوں کا سلسلہ اس وقت پنجاب اور خیبرپختونخواہ  میں موجود ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں تیز بارش ہوئی تو کہیں بوندا باندی۔ خیبرپختونخواہ کے بعض علاقوں میں بادل خوب برسے۔ پشاور میں چوبیس ملی میٹر، مالم جبہ اور سوات میں ایک سو اٹھائیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ادھر پنجاب کےشہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن سمیت کی شہروں میں ہلکی بارش نے خوب رنگ جمایا۔ ماہر موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف نے کہا کہ ہے کہ بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع بادلوں کی لپیٹ میں رہیں گے۔ محکمہ موسمیات نے جھنگ، چنیوٹ، خوشاب، شیخوپورہ، قصور، حافظ آباد اور گجرات میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔