Thursday, May 9, 2024

بلوچستان میں  بارشوں نے تباہی مچادی ، حادثات میں  اموات کی تعداد 20 ہوگئی

بلوچستان میں  بارشوں نے تباہی مچادی ، حادثات میں  اموات کی تعداد 20 ہوگئی
January 14, 2020
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی ، چھتیں گرنے سمیت حادثات میں اموات کی تعداد 20 ہوگئی ، پہاڑی مقامات پر حالات ابتر  ہیں ، راستے بند ہونے سے سیکڑوں مسافر پھنس گئے، چمن سے کوئٹہ تک چھوٹی گاڑیوں کیلئے راستہ کھول دیا گیا۔ دوسری جانب  دیربالا میں شدیدبرفباری سے لواری ٹاپ سڑک بند  ہے ، چترال کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے جب کہ علاقے میں محصور مسافروں کیلئے شیلٹر ہاؤس قائم کردیا گیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور برفباری کے بعد پیداہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیوو بحالی آپریشن جاری ہیں، بلوچستان کے مختلف اضلاع برفباری کے باعث بند ہونے والی شاہراہوں کو کھول دیا گیا ہے جبکہ چاغی میں تین روز سے پھنسے افراد کو بھی راشن گرم کپڑے اور ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ریکارڈ طوفانی بارشوں اور برفباری کے بعدپیداہو نے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ایف سی،پاک فوج اور محکمہ پی ڈی ایم اے کا ریسکیو دوسرے روز بھی جاری ہے۔ برفباری کے باعث بند ہوجانے والی مختلف شاہراہوں کھول کر بحال کر دیا گیا ہے کان مہترزئی کے مقام پر پھنسے چار سو سے زائد مسافروں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ مختلف اضلاع میں خوراک،راشن اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جاچکی ہے۔ کوئٹہ شہر میں چاروں اطراف پر پہاڑوں پر بڑی برف کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ، دوسری جانب گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ تین روز سے چاغی کے علاقے بگ کاچر میں پھنسے افرادکیلئے پاک فوج کے ہیلی کاپٹرکے ذریعے خوراک ،راشن اور ادویات گرم ملبوسات اور کمبل پہنچائے  گئے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام افراد کو آج چاغی منتقل کر دیا جائے گا۔