Sunday, September 8, 2024

بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی‘ 20 افراد جاں بحق

بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی‘ 20 افراد جاں بحق
March 12, 2016
کوئٹہ (92نیوز) ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دیگر علاقوں میں تو لوگ موسم اور بارش کا مزہ لے رہے ہیں لیکن کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں جاری بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بن چکی ہیں اور گزشتہ چار روز میں اب تک بیس افراد جاں بحق اور دو درجن سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ پشاور سمیت دیگر علاقوں میں جاری بارشوں اور خوبصورت موسم کو عوام خوب انجوائے کر رہے ہیں لیکن اس برعکس وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلا دھار بارشیں اب رحمت کی بجائے زحمت بن گئی ہیں۔ شیرانی‘ پشین اور مستونگ میں چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سمیت دیگر واقعات میں بیس افراد جاں بحق جبکہ دو درجن سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اندرون بلوچستان مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ جانے کے باعث کئی علاقوں کا دوسرے علاقوں سے رابچہ منقطع ہوچکا ہے۔ فصلوں اور باغات کو شدید نقصانات پہنچا ہے۔ شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں ژوب‘ چمن‘ خانوزئی‘ توبہ اچکزئی‘ توبہ کاکڑی‘ قلعہ عبداللہ اور پشین سمیت دیگر علاقوں کے ندی نالوں میں اونچے درجے کی طغیانی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے جس سے سیلاب کی صورتحال بن سکتی ہے۔ عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کوئٹہ‘ پشین اور قلعہ عبداللہ میں ہنگامی کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ محکمہ مواصلات کے پانچ افسران کو امدادی سرگرمیوں میں تعاون نہ کرنے پر فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔