Saturday, May 4, 2024

بلوچستان میں بارش‘ ملک کے بالائی علاقوں میں آج ابرباراں کا امکان

بلوچستان میں بارش‘ ملک کے بالائی علاقوں میں آج ابرباراں کا امکان
January 4, 2016
کوئٹہ (92نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش سے خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ پارا چنار اور اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی گیارہ ہو گیا جبکہ ہنزہ میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ‘ خضدار‘ قلعہ عبداللہ‘ چمن سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں خشک سردی کی لہر ختم ہونے کی نویدسنا دی۔ اسلام آباد‘ خیبرپختونخوا‘ فاٹا اور بالائی پنجاب میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر‘ گلگت بلتستان‘ کوئٹہ ،ژوب میں بارش کے ساتھ ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند بھی دیکھنے کو ملے گی۔ اب اگر کراچی کی بات کریں تو ساحل کنارے واقع اس شہر میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔