Wednesday, April 24, 2024

بلوچستان میگا کرپشن سکینڈل میں سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو بھی گرفتار

بلوچستان میگا کرپشن سکینڈل میں سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو بھی گرفتار
May 25, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان میگا کرپشن کیس میں بڑے مگرمچھ بھی نیب کے شکنجے میں آنا شروع ہو گئے۔ سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو بلوچستان ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعدحراست میں لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی سے تفتیش کے بعد نیب نے سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو طلب کرنے کیلئے تین سمن جاری کیے لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ خالد لانگو اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کے بعد اسے کنفرم کروانے کیلئے فاروق ایچ نائیک اور باز محمد کاکڑ کے ہمراہ بلوچستان ہائیکورٹ پہنچے اور درخواست دائر کی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خالد لانگو کی درخواست مسترد کر دی۔ وہ جیسے ہی وہ عدالت سے باہر نکلے نیب حکام ان کے استقبال کیلئے موجود تھے جنہوں نے خالد لانگو کو ساتھ چلنے کو کہا جس پر انکی نیب حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعدازاں نیب حکام نے انہیں حراست میں لے لیا اور سخت سکیورٹی انتظامات میں نیب ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کرکے چودہ روزہ ریمانڈ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔