Thursday, May 9, 2024

بلوچستان مون سون بارشوں میں ڈوب گیا ، کئی اضلاع زیرآب

بلوچستان مون سون بارشوں میں ڈوب گیا ، کئی اضلاع زیرآب
August 9, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان مون سون بارشوں میں ڈوب گیا۔ کئی اضلاع زیرآب آ گئے۔ کوئٹہ سبی شاہراہ بدستور ٹریفک کیلئے بند ہے۔ دریائے ناڑی میں سبی ہیڈ ورکس پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ یونین کونسل مل کے بیشتر علاقوں کا سبی سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ لاکھوں ایکڑ زمین پر تاحد نگاہ پانی ہی پانی ، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ، سیلابی پانی بھورا بند کو بھی بہا لے گیا۔ مرغزانی میں بھی کٹاؤ بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیر آب آ گئے۔ درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔ درگاہ شاہ نورانی اور تحصیل سارونہ کے پہاڑوں پر موسلادھار بارشوں سے سیلابی ریلے لسبیلہ کے  حب ڈیم  میں داخل ہونا شروع ہو گئے۔ ڈیم میں پانی کی سطح مزید 9 فٹ بڑھ گئی۔ پانی گنجائش سے صرف 18 فٹ کم رہ گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق سبی کےقریب ڈھاڈر  میں سیلابی ریلے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جب کہ جھل مگسی کے پہاڑی سلسلے میں پھنسے خاندان کو 8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دوسری طرف کوئٹہ سے پنجاب اور سندھ کا زمینی رابطہ دوسرے روز بھی منقطع ہے جب کہ انتظامیہ نے بی بی نانی زیارت کا سیلاب میں بہہ جانے والے پل کی مرمت شروع کر دی ہے۔