Saturday, May 18, 2024

بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت سازی کیلئے کمر کس لی

بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت سازی کیلئے کمر کس لی
August 6, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے رابطوں اور فیصلوں کا فائنل راﺅنڈ شروع ہو گیا۔ میر عبدالقدوس بزنجو سے ایم ایم اے اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کی ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اپنے مطالبات تحریری طورپر بی اے پی کو دے دیئے۔ ادھر بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت سازی کیلئے کمر کس لی۔ صوبے کی دو بڑی قوم پرست اور مذہبی جماعت سے رابطے کیلئے بھی سابق وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو ٹاسک دے دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات دونوں جماعتوں سے ہونے والی ملاقات میں ایم ایم اے اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے اسمبلی میں اسپیکر شپ کی خواہش کر دی۔ تینوں جماعتوں کے رہنماﺅں کی اہم ملاقات آج پھر متوقع ہے۔ پاکستان تحریک انصاف میں گزشتہ روز شامل ہونے والے آزاد رکن صوبائی اسمبلی کے بعد پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد بھی پانچ ہو گئی ہے اور وہ صوبے میں حکومت سازی کے معاملات میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے کی خواہش مند ہے۔ دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی جماعتوں میں شامل جماعتوں کے مطالبات پر غور کرنے کیلئے پارٹی کا اہم اجلاس بلا لیا ۔ اجلاس میں ایم ایم اے اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مطالبات سمیت پی ٹی آئی کی پوزیشن بھی واضح کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے صوبے کی سیاست کے اہم ترین ہونگے جس میں حکومت میں شامل جماعتوں کو وزارتوں اور اہم عہدوں سے متعلق فیصلے کئے جائینگے۔