Wednesday, May 8, 2024

بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلافات کی گونج سنائی دینے لگی

بلوچستان عوامی پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلافات کی گونج سنائی دینے لگی
August 28, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان پھر اختلافات کی گونج سنائی دینے لگی۔ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں صوبائی وزراء کی تقریب حلف برداری میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند شریک نہیں ہوئے۔ وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر اعتماد میں نہ لئے جانے پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند خفا ہو گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سردار یار محمد رند کو تقریب حلف برداری سے ایک گھنٹہ قبل دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔ 10رکنی صوبائی کابینہ میں حلف اٹھانے والے پاکستان تحریک انصاف کے نصیب اللہ مری کے خلاف بھی پارٹی کی جانب سے کارروائی کا فیصلہ آئندہ چند روز میں شوکاز نوٹس جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کہتے ہیں اختلافات کی سب سے بڑی وجہ کابینہ میں وزارتوں کی تقسیم ہے۔ دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا عندیہ دے دیا۔ اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر بھی پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آرہی تھیں تاہم پی ٹی آئی ایچ ڈی پی اور بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اگر حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں تو بلوچستان عوامی پارٹی صوبائی اسمبلی میں اپنی اکثریت کھو دے گی ۔