Saturday, April 27, 2024

بلوچستان حکومت کے ایف آئی آر واپس لینے پر اپوزیشن ارکان کا دھرنا چودہ روز بعد ختم

بلوچستان حکومت کے ایف آئی آر واپس لینے پر اپوزیشن ارکان کا دھرنا چودہ روز بعد ختم
July 4, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان حکومت کے ایف آئی آر واپس لینے پر اپوزیشن ارکان کا دھرنا چودہ روز بعد ختم ہو گیا۔

بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کر دی گئی۔ صوبائی حکومت نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ حکومتی اقدام پر اپوزیشن نے احتجاج ختم کر دیا۔

اپوزیشن اراکین قافلے کی صورت میں تھانے سے ایم پی ہاسٹل پہنچے۔ قائد حزب اختلاف ملک سکندر کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی غلطی تسلیم کر کے ایف آئی آر واپس لے لی۔ حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست واپس نہیں لیں گے۔

اس سے پہلے صوبائی وزرا کا وفد تھانے پہنچا تھا جہاں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ضیالانگو نے ایف آئی آر کے خارج ہونے سے متعلق نوٹی فکیشن پیش کیا۔

18جون کو بلوچستان اسمبلی میں اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 17 اراکین اسمبلی سمیت 250 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

دوسری جانب اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اسمبلی کا اجلاس بھی 6 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔