Thursday, April 25, 2024

بلوچستان حکومت کی نوازشات، کابینہ ارکان کوبیش قیمت گاڑیاں فراہم کر دی گئیں

بلوچستان حکومت کی نوازشات، کابینہ ارکان کوبیش قیمت گاڑیاں فراہم کر دی گئیں
September 1, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان میں تاحال تبدیلی نہیں آسکی، صوبائی کابینہ میں وزراء اور مشیران کو حکومت بلوچستان کی جانب سے نوازشات کا آغاز کردیا گیا ۔  نئی بیش قیمت گاڑیاں بھی فراہم کردی گئیں جس کی وجہ سے مجموعی طور پر9کروڑ67لاکھ35ہزار روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑا غریب صوبے کے وزراء27سو55سی سی گاڑیاں ملنے پر پھولے نہیں سمارہے  ، ذرائع کے مطابق صوبائی وزراءکو آلاٹ کی گئی گاڑیوں کی خریداری سے صوبے کے خزانے پر9کروڑ67لاکھ35ہزار روپے کا خرچ آیا ہے ، جو پہلے سے ہی ہچکولے کھاتی معیشت پر مزید بوجھ کا باعث بنے گا۔ ذرائع کے مطابق 15گاڑیوں میں سے 11گاڑیاں 10صوبائی وزراءاور ایک مشیر کو آلاٹ کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں کابینہ میں شامل ہونے والے وزراءاور مشیران کیلئے پہلے سے ہی گاڑیوں کی خریداری کی جاچکی ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ نو منتخب کابینہ میں سے کسی نے بھی پرانی گاڑیاں استعمال کرنے کی حامی نہیں بھری بلکہ وزراءتو ایک سے زیادہ گاڑیاں حاصل کرنے کے بھی خواہش مند تھے ، دوسری جانب سیکرٹریٹز اور بیوروکریٹس نے بھی نئی حکومت کے ساتھ ہی پرانی گاڑی سے جان چھڑانے اور نئی گاڑی کے حصول کی فرمائشیں کر ڈالی جس کے لئے مراسلے بھی ارسال کرنے شروع کر دےئے گئے ہیں۔ ایک جانب وفاق میں پاکستان تحریک انصاف سیاستدان بیوروکریٹس اور افسران کے زیر استعمال بیش قیمت گاڑیوں کی نیلامی کرنے جارہی تھی تو دوسری جانب بلوچستان میں حکومت نے وزراءاور بیوروکریٹس کو نوازنے کی روش برقرار رکھی۔ اہل اقتدار کے اس روئیے پر عوامی حلقے سوچ میں مبتلا ہیں کہ بھلا اپنی جیبیں بھرنے والے یہ سیاستدان صوبے کے مسائل کو کیسے حل کرپائیں گے۔