Thursday, April 25, 2024

بلوچستان حکومت کا بھی آزادی مارچ روکنے کا فیصلہ

بلوچستان حکومت کا بھی آزادی مارچ روکنے کا فیصلہ
October 22, 2019
کوئٹہ (92 نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی آزادی مارچ روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جے یو آئی کے آزادی مارچ کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیر داخلہ ضیاءلانگو اپنے بیان میں کہتے ہیں کہ احتجاج سب کا جمہوری حق ہے لیکن یہ وقت ہرگز جلسے جلوسوں کانہیں ہے، دشمن موقع کی تلاش میں ہے، اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد اجتماعات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جے یو آئی کو آزادی مارچ کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا حکومت کا کام ہے ملک کو جام ہونے سے بچانا جس کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی، حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مارچ کو روکنے کے لئے 2 دن بعد اعلیٰ سطح اجلاس بلایا جائےگا۔ ضیاءلانگو بولے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر مارچ پر پابندی عائد کی جائیگی، ڈنڈا بردار فورس کی قانون میں کوئی اجازت نہیں جس پر پابندی عائد کی گئی ہے، بلوچستان کے موجودہ حالات میں بلوچستان عوامی پارٹی بھی جلسہ کریگی تو اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اتنی کمزور نہیں کہ ان کے فیصلے پیروں تلے روند دیئے جائیں، اگر سٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا جائیگا تو ریاست بھی حرکت میں آئے گی۔