Friday, May 17, 2024

بلوچستان حکومت کا بلدیاتی انتخابات 8 ماہ تک موخر کرنے کا مطالبہ مسترد

بلوچستان حکومت کا بلدیاتی انتخابات 8 ماہ تک موخر کرنے کا مطالبہ مسترد
February 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کا بلدیاتی انتخابات 8 ماہ تک موخر کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس میں بلوچستان انتظامیہ نے الیکشن کمیشن سے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات نومبر تک موخر کرنے کی مطالبہ کر دیا۔ موقف اختیار کیا کہ صوبہ کے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم درکار ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے بلوچستان انتظامیہ کا صوبے میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا اور کہا صوبائی حکومت کو 27 جنوری تک بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے وقت دیا تھا اور کئی بار یاد دہانی بھی کرائی گئی۔ اب الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر چکا۔ بلدیاتی حلقہ بندیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق 120 روز کے اندر انتخابات کرانے کا بھی اعلان کر دیا۔ بلوچستان کے بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت 27 جنوری کو ختم ہو گئی تھی۔