Friday, April 19, 2024

بلوچستان حکومت کا اپنے ہی اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کا اظہار

بلوچستان حکومت کا اپنے ہی اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کا اظہار
June 20, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان حکومت نے اپنے ہی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔

حکومتی اور اتحادی ارکان نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اسپیکرعبدالقدوس بزنجو پر جانبداری برتنے کا الزام لگا دیا۔ ارکان نے بجٹ سیشن میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور ہنگامہ آرائی کا ذمہ دار اسپیکر کو قرار دیا۔

بلوچستان اسمبلی کے باہر ہنگامے کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔ حکومت اور اپوزیشن ابھی تک موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو بھی ناکام نظر آرہے ہیں۔ اسپیکر نے پارلیمانی ارکان کو مشاورتی اجلاس میں مدعو بھی کیا جس میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار رند کے سوا کوئی نہ پہنچا۔ اپوزیشن اور حکومت دونوں نے اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا مشاورتی اجلاس کا مقصد صورتحال کنٹرول کرنا تھا۔ اپوزیشن نے بجٹ سیشن کے ساتھ ساتھ مشاورتی اجلاس میں جانے سے بھی انکار کر دیا۔

بلوچستان حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں میں بھی دراڑ نظرآرہی ہے۔ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے اسپیکر پر عدم اعتماد کر دیا۔ اسپیکر کے خلاف جلد عدم اعتماد کی تحریک لائے جانے کا امکان ہے۔ اتحادی ارکان کا کہنا ہے سب کچھ اسپیکر کردار ادا کرتے تو صورتحال یہ نہ ہوتی۔

 ادھر بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر اپوزیشن ارکان کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا۔ مقدمے میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر سمیت ڈھائی سو افراد نامزد ہیں۔ اقدام قتل، لڑائی جھگڑا اور دھمکی سمیت سترہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔