Monday, May 13, 2024

بلوچستان بھارت کا اہم ہدف، آرمی چیف اسی ہفتے کوئٹہ کا دورہ کرینگے، میجر جنرل بابر افتخار

بلوچستان بھارت کا اہم ہدف، آرمی چیف اسی ہفتے کوئٹہ کا دورہ کرینگے، میجر جنرل بابر افتخار
January 11, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف اسی ہفتے کوئٹہ کا دورہ کریں گے، ڈوزیئر میں بتا چکے کہ بلوچستان بھارت کا اہم ہدف ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل بتا دی۔

انہوں نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ای یو ڈس انفولیب کی تحقیقات جلد شیئر کی جائیں گی۔ بھارتی عزائم سے آگاہ اور پوری طرح تیار ہیں۔ انتشار پھیلانے کی کوششیں نئی نہیں ہے۔ پاک فوج سے کوئی اپوزیشن کی جماعت رابطے میں نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال پاکستان کے لیے چیلنجنگ تھے، مشرقی سرحد پر بھارت کی شرانگیزیاں تھیں۔ مغربی سرحد پر کالعدم تنظیموں کی کارروائیاں جاری تھیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردی کامقابلہ کیا گیا، 3 لاکھ سے زائد خفیہ آپریشن کیے گئے۔ آج پاکستان میں کوئی بھی دہشت گردی کا منظم انفرااسٹرکچر موجود نہیں۔ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھرمیں 50 فیصد سے زائد سکیورٹی خطرات کو روکا گیا، کراچی میں دہشت گردی میں 95 فیصد کمی، کراچی میں اغوا برائے تاوان میں 98 فیصد کمی آئی۔