Friday, April 19, 2024

بلوچستان ،اوور ڈرافٹ پانچ ماہ میں 94ارب تک پہنچ گیا

بلوچستان ،اوور ڈرافٹ پانچ ماہ میں 94ارب تک پہنچ گیا
January 17, 2019
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان میں مالی بحران مزید شدت اختیار کر گیا، صوبے کا اوور ڈرافٹ محض5ماہ میں 94ارب روپے تک جا پہنچا ،محکمہ خزانہ نے بحران سے نکلنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے۔ حکومت بلوچستان گزشتہ تین ماہ سے شدید مالی بحران کا شکار ہے، محض پانچ ماہ کے دوران صوبے کا اوور ڈرافٹ55ارب سے تجاوز کر کے94ارب روپے تک جا پہنچا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ تین سے چار ماہ صوبائی حکومت کیلئے مزید خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں ،حکومت بلوستان کی جانب سے مختلف محکموں میں ہونے والی بھرتیوں کی صورت میں ترقیاتی بجٹ سے مزید 12سے 13ارب روپے تنخواہوں کی مد میں منتقل کرنا ہونگے جو صوبے کی تباہ حال معیشت پر مزید اضافی بوجھ ہو گا۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق مالی بحران سے نکلنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت ہی اپ گریڈیشن کے معاملات کو نمٹائے گی اسکے علاوہ سرکاری ملازمین کے الاؤنسزاور ایس این ای سے متعلق بھی ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا کہ جو کام مکمل کر کے اپنی سفارشات صوبائی حکومت کو پیش کرے گی ۔ ذرائع کہتے ہیں مالی بحران میں شدت اور اوور ڈرافٹ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ گزشتہ دو عشروں کے دوران بلوچستان میں ہونے والی ریکارڈ کرپشن ، مالی بے ظابطگیاں اورمالی ڈسپلن کانہ ہونا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے مالی معاملات کی بہتری کیلئے عنقریب اہم فیصلے متوقع ہیں جس میں صوبے کے ریونیو کو بڑھانے سے متعلق مختلف پالیسیاں وضع کی جائینگی اور ریونیو کو سات ارب سے بڑھاکربیس سے پچیس ارب روپے تک لے جانے کا ٹارگٹ بھی مقرر کی جائیگا جس کے بعد حالات سنبھلنے کی نوید سنائی جا رہی ہے۔