Thursday, April 25, 2024

بلوچستان اسمبلی کے رکن احمد علی کہزاد کے افغان شہری ہونے کی تصدیق ہو گئی

بلوچستان اسمبلی کے رکن احمد علی کہزاد کے افغان شہری ہونے کی تصدیق ہو گئی
October 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پی بی 26 سے منتخب ہونے والے رکن بلوچستان اسمبلی احمد علی کہزاد کے افغان شہری ہونے کی تصدیق ہو گئی ، نادرا کی تصدیقی رپورٹ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی ، الیکشن کمیشن 31 اکتوبر کو احمد علی کہزاد کی قسمت کا فیصلہ کرے گا ۔ رواں سال 25  جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں افغان شہری بھی رکن اسمبلی بن گیا ، غیر ملکی شہری کے رکن اسمبلی بن جانے پر ادارے حرکت میں آ گئے  جس پر نادرا ڈسٹرکٹ کمیٹی کوئٹہ کی تصدیق کے بعد نادرا نے احمد علی کہزاد کو غیر ملکی شہری قرار دے دیا ، نادرا کے انکشاف پر مبنی رپورٹ وزرات داخلہ نے الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد علی کہزاد پی بی 26 سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے پاکستانی شہری نہ ہونے کی اطلاعات پر ان کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا اور وزارت داخلہ سے رپورٹ مانگی تھی ۔ کمیشن میں جمع کرائی گئی وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق احمدعلی کی جانب سے دیا گیا فارم ب کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔ رپورٹ میں انکشاف  کیا گیا ہے کہ نادرا کی ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی نے احمدعلی کہزاد کوغیر ملکی شہری ڈکلئیر کیا ، الیکشن کمیشن پی بی 26 سے مبینہ افعان شہری سے متعلق  اہم کیس کی سماعت 31 اکتوبر کو کرے گا اور اسی دن احمد علی کہزاد کی رکنیت کا فیصلہ ہو گا ۔