Tuesday, May 21, 2024

بلوچستان اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا، پولیس اور اپوزیشن ارکان میں ہاتھا پائی

بلوچستان اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا، پولیس اور اپوزیشن ارکان میں ہاتھا پائی
June 18, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان میں بجٹ اجلاس سے پہلے اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس اور اپوزیشن ارکان میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی کے بعد معاملہ بگڑا۔ 

بلوچستان اسمبلی کے باہر اپوزیشن کا دمادم مست قلندر، پولیس اور اپوزیشن اراکین میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوگئی۔ اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کا گھیراؤ کرلیا، صورتحال کشیدہ ہوئی، پولیس نے لاٹھیاں برسائیں۔

لاٹھی چارج کے دوران ایم پی اے نصر اللہ زیرے، بابو امین مینگل اور مولوی عبد الواحد صدیقی زخمی ہو گئے۔

پولیس نے مشتعل ارکان اور کارکنوں کو دھکیل کر تالے ڈال دیئے، پولیس کی بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے بلوچستان اسمبلی کا گیٹ ٹوٹ گیا۔

مشتعل ارکان نے اسمبلی کے مرکزی دروازے کے شیشے توڑ دیئے، جبکہ وہاں موجود کئی گملے بھی ٹوٹے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پہنچتے ہی ہنگامہ آرائی میں شدت آگئی، مشتعل ارکان جام کمال پر حملہ آور ہوئے، بوتلیں پھینکیں، وزیراعلیٰ پر جوتے اچھالے گئے۔ جام کمال کو سکیورٹی حصار میں ایوان میں لے جایا گیا۔

اپوزیشن جماعتیں بجٹ میں حلقوں کو نظر انداز کرنے پر سراپا احتجاج تھے، بجٹ کے دوران حکومتی ارکان کو روکنے کیلئے بلوچستان اسمبلی کے گیٹ پر دھرنا دے رکھا تھا۔