Friday, May 17, 2024

بلوچستان اسمبلی وہ اسمبلی ہے جو راتوں رات وفاداریاں تبدیل کر لیتی ہے ، مصطفیٰ کمال

بلوچستان اسمبلی وہ اسمبلی ہے جو راتوں رات وفاداریاں تبدیل کر لیتی ہے ، مصطفیٰ کمال
March 21, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے بلوچستان اسمبلی وہ اسمبلی ہے جو راتوں رات وفاداریاں تبدیل کر لیتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہزاروں ارب روپے بلوچستان کے نام پر خرچ کیے گئے لیکن پیسے عوام تک نہیں پہنچے۔ دشمن کو معلوم ہے کہ بلوچستان اور کراچی میں محرومی زیادہ ہے۔ بلوچستان میں ظلم ہے۔ بلوچستان میں اسکول نہیں ہے ، پینے کا پانی نہیں ، 18 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہے۔ بلوچستان کے قومی شاہراوں پر نوجوانوں کی اموات ہو رہی ہیں۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال بولے لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین ہے۔ ہر پارٹی صرف نعرہ لگا کر جاتی ہے۔ ہم نے پاکستان چلانے والے حکمرانوں سے کہا ہے کہ سوچو کراچی اور بلوچستان کو بھارت کیوں ٹارگٹ کر رہا ہے۔ کراچی اور بلوچستان میں محرومیاں زیادہ ہیں اس لیے ٹارگٹ بنتے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی واحد اسمبلی ہے جہاں ایک رات میں وفاداریاں تبدیل کی جاتی ہیں۔ بلوچستان میں اربوں روپے بلوچستان کےعوام پر خرچ نہیں ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے بیوروکریسی کی ٹینکیوں سے پیسے نکلتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا بلوچستان کے نوجوانوں کو سیاسی طور پر آگئے لایا جائے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو اختیار وسائل دیئے جائیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو اختیارات دینے سے امن آئے گا۔