Sunday, September 8, 2024

بلوچستان اسمبلی میں بھی الطاف حسین کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی !!! 7اگست کو اجلاس میں بحث ہو گی

بلوچستان اسمبلی میں بھی الطاف حسین کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی !!! 7اگست کو اجلاس میں بحث ہو گی
August 5, 2015
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان اسمبلی میں ایم کیو ایم کے سربراہ کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرارداد پر بحث سات اگست کے اجلاس میں ہوگی۔ مشترکہ مذمتی قرارداد بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔ قرارداد پر بلوچستان حکومت میں شامل جماعتوں مسلم لیگ ن ، مسلم لیگ ق اور نیشنل پارٹی کے اراکین کے دستخط ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے نام نہاد سربراہ الطاف حسین کی جانب سے حالیہ نفرت انگیز ،فتنہ پرور اور انتہائی قابل اعتراض تقاریر قابل مذمت ہیں۔ اس طرح کی تقاریر پاکستان کی سالمیت پر حملے کے مترادف اور غداری کے زمرے میں آتی ہیں۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایسی تقاریر ملک دشمن قوتوں کو تقویت بخشتی ہیں۔ اٹھارہ کروڑعوام ان تقاریر پر نفرت کا اظہار کرتی آئی ہے۔ عوامی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے اس طرح کے عناصر کی سرکوبی کی جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت الطاف حسین جو کہ اس وقت برطانوی شہری بھی ہے کو وطن واپس لاکر اس کے اور اس کے حمایت پارٹی عہدے داروں کے خلاف آئین پاکستان کے آرٹیکل 6 کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائے۔ قرارداد جمع کرانے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین برطانوی بدمعاش ہیں۔ انہیں برطانیہ سے گرفتار کرکے واپس لایا جائے۔ برطانوی حکومت بھی نفرت انگیز تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم کے سربراہ کے خلاف کارروائی کرے۔ وزیر صحت رحمت بلوچ کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد صرف بلوچستان اسمبلی کے اراکین کی ہی نہیں بلکہ پورے بلوچستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہے۔