Saturday, April 27, 2024

بلوچستان اسمبلی : مسلسل غیرحاضری پر ارکان کیخلاف کارروائی کا آغاز

بلوچستان اسمبلی : مسلسل غیرحاضری پر ارکان کیخلاف کارروائی کا آغاز
September 22, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان اسمبلی نے مسلسل غیرحاضر رہنے والے ایک رکن اسمبلی کو معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی نے ان ارکان کو جو بغیر بتائے اجلاس سے غیرحاضر رہتے ہیں انہیں خبردار کیا ہے کہ اگر مسلسل چھٹیاں کیں تو پھر پکی چھٹی ہو جائے گی۔ بلوچستان اسمبلی کی شق نمبر 52کے تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سنتوش کمار کی 40اجلاسوں سے غیرحاضری پر انکی اسمبلی رکنیت معطل کرنے سے متعلق تحریک پیش کی گئی۔ تحریک پیش ہوئی تو سپیکر راحیلہ حمید درانی نے ایوان میں معطلی کی تحریک پر مشترکہ رائے شماری کرائی اور طے یہ پایا کہ جو اسمبلی کو سنجیدگی سے نہیں لیتے وہ ارکان اب گھر بیٹھیں۔ سپیکر نے سنتوش کمار کی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے تحریک منظور کر لی۔ سنتوش کمار کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے اور بتایا جاتا ہے کہ کچھ ذاتی مصروفیات کی بنا پر موصوف اجلاس میں شرکت کیلئے نہیں آتے تھے۔