Monday, May 13, 2024

بلوچستان اسمبلی ایک رات میں وفاداری تبدیل کردیتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، مصطفیٰ کمال

بلوچستان اسمبلی ایک رات میں وفاداری تبدیل کردیتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، مصطفیٰ کمال
March 19, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ بلوچستان کی پوری اسمبلی ایک رات میں اپنی وفاداری تبدیل کردیتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ جب عام شہری اسمبلیوں میں جائے گا توراتوں رات وفاداریاں نہیں بدلیں گی۔ بلوچستان کی محرومیاں ختم ہو جائیں تو کوئی کلبھوشن حملہ آور نہیں ہوسکے گا، جب تک محرومیاں اور مسائل رہیں گے دشمن ہم پر حملہ کرتا رہے گا۔

اُنہوں نے کہا، ہمیں بھی کراچی میں کسی نے ریاست کے خلاف 35 سال تک کھڑا رکھا، جنہوں نے ملک دشمنوں کی بات مانی وہ تباہ و برباد ہوئے ہیں۔ ہزاروں نوجوان قبروں میں چلے گئے، ہزاروں خواتین بیوہ اور بچیاں یتیم ہوگئیں۔

اُن کا کہنا تھا ہم نے را کے تسلط کے خلاف کراچی میں جہاد کیا، ہم نے کلاشنکوف کا کلچر کلاشنکوف کے بغیر ختم کرکے دکھایا۔ ہاں تمہارے ساتھ زیادتی ہوئی، ہاں تم ناراض ہو لیکن یہ اس کا راستہ نہیں ہے۔ ہم نے ایک ماڈل پیش کیا ہے، ہم نے ظلم کو ظلم سے ختم کرنے کی کوشش نہیں کی، ہم نے ہتھیار کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھائے، ہم نے بغیرہتھیار ظلم کا خاتمہ کیا۔