Friday, May 17, 2024

بلوچ لبریشن آرمی عالمی دہشتگرد تنظیم قرار

بلوچ لبریشن آرمی عالمی دہشتگرد تنظیم قرار
July 3, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) پاکستان کی عالمی سطح پر کامیاب سفارت کاری کی بدولت بلوچ لبریشن آرمی عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دی گئی ۔  امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور جنداللہ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا،دونوں تنظیموں کے تمام تر اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔ پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے لائیں، پاکستان کے دہشت گردی کے حوالے سے موقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ، امریکا نے بھی بلوچستان میں ریاست مخالف کارروائیاں کرنے والی بلوچ لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی امریکی قومی سلامتی اور معاشی مفادات کے لیے خطرہ ہے، اس وجہ سے ان کے امریکہ میں موجود بنک اکاؤنٹس منجمد کیے جاتے ہیں اور اس تنظیم کی مدد کرنا بھی جرائم میں شمار کیا جاتا ہے۔ بلوچ لبریشن آرمی 2004 سے پاکستان میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، یہ تنظیم پاکستان میں غیر ملکی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور سفارت خانوں پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔ اس تنظیم کے کمانڈر براہمداغ بگٹی اور حربیار مری ہیں جو عرصہ دراز سے بیرون ملک بیٹھ کر تخریب کار سرگرمیوں کو سر انجام دے رہے ہیں۔