Thursday, March 28, 2024

بلدیو کمار بھارت میں سیاسی پناہ کیلئے پاکستان کیخلاف زہر اگلنے لگے

بلدیو کمار بھارت میں سیاسی پناہ کیلئے پاکستان کیخلاف زہر اگلنے لگے
September 10, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی بلدیو کمار بھارت میں سیاسی پناہ کیلئے  پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگے ، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلدیو اب پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ۔ سابق اقلیتی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی بلدیو کمار نے بھارت  میں سیاسی پناہ کیلئے پاکستان پر الزامات لگائے کہ  پاکستان میں سکھوں اور ہندوؤں کو ان کے حقوق نہیں مل رہے۔ سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی  نے چند ماہ قبل اپنی فیملی کو لدھیانہ بھیج دیا تھا اور خود12اگست کو3 ماہ کا ویزا لے کر بھارت پہنچے،اب ان کا واپسی کا ارادہ نہیں اور فیملی سمیت بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔ بلدیو کے بھائی نے تلک کمار نے کہا پاکستان ہمارا وطن ہے،یہاں پر ہندوؤں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو ان کے حقوق مل رہے ہیں، بلدیو کمار کے سیاسی پناہ کیلئے بھارت میں لگائے گئے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا بلدیو کی رکنیت معطل ہے، وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں، ان پر ایم پی اے کے قتل کا مقدمہ بھی ہے، کہیں سیاسی پناہ لینا چاہتے ہیں تو ان کی اپنی مرضی۔ واضح رہے کہ سورن سنگھ کے بعد اقلیتی رکن اسمبلی بننے کیلئے اگلا نمبر بلدیو کا تھا اور سورن سنگھ کے قتل پر بلدیو کمار رکن اسمبلی بن گئے ، انہیں سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں دو سال تک جیل میں رہنا پڑا۔