Saturday, April 20, 2024

بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی، سیاسی گھرانوں کے سپوتوں کی بڑی تعداد میدان میں

بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی، سیاسی گھرانوں کے سپوتوں کی بڑی تعداد میدان میں
October 31, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب کے بارہ اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار عوام میں نچلی سطح میں منتقل ہونے جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں اہم سیاسی گھرانوں کے سپوتوں کی بڑی تعداد بھی میدان میں ہے۔ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں وزیراعظم نوازشریف کے ماموں زاد بھائی عارف حمید یونین کونسل باسٹھ سے نون لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سابق سینیٹر ایس ایم ظفر کے بیٹے عاصم ظفر لاہور میں یوسی ایک سو تیرہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ یونین کونسل بانوے میں چیئرمین کی سیٹ پر پی ٹی آئی کے اسلم اقبال کے کزن میاں نعیم لڑ رہے ہیں۔ فیصل آباد میں سابق میئر چودھری شیر علی کے بیٹے اور وزیر مملکت عابد شیر علی کے بھائی عامر شیر علی یونین کونسل ایک سو سولہ سے آزاد حیثیت میں چیئرمین کے لئے میدان میں ہیں، ان کے مقابلے میں رانا ثنا اللہ کا حمایت یافتہ امیدوار ہے۔ سابق صوبائی وزیر چودھری ظہیرالدین کے بھتیجے تیمور علی یونین کونسل ترپن میں پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ اوکاڑہ کی یونین کونسل چھیاسی وساوے والا سے سابق وزیراعلیٰ منظور وٹو کے پھوپھی زاد بھائی میاں نسیم احمد چیئرمین کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔