Saturday, April 27, 2024

بلدیاتی انتخابات کے بعد کئی شہروں میں سیاسی کارکنوں میں تصادم‘ سات افراد زخمی

بلدیاتی انتخابات کے بعد کئی شہروں میں سیاسی کارکنوں میں تصادم‘ سات افراد زخمی
November 2, 2015
فیصل آباد / گوجرانوالہ (92نیوز) پنجاب میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ تو مکمل ہو چکا لیکن سیاسی پارہ کم نہیں ہو سکا۔ لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جیتنے اور ہارنے والے امیدواروں کے حامیوں میں تصادم سے سات افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں پتھراو ہوا جس سے ن لیگ کے تین کارکن زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ فیصل آباد کے جھنگ بازار میں ریلی کے دوران ن لیگ کے دو گروپ آمنے سامنے آ گئے اور مخالفانہ نعرے بازی کے دوران کارکنوں نے ایک دوسرے پر بوتلیں اور کرسیاں پھینکی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل کارکنوں کو منتشر کیا۔ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوا۔ فائرنگ سے پی ٹی آئی کا کارکن زخمی ہو گیا جبکہ ن لیگ کا ایک کارکن پتھراو سے زخمی ہوا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس رویے کے خلاف تھانہ بادامی باغ کے سامنے احتجاج کیا۔ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔