Saturday, May 11, 2024

بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی، پی ٹی آئی کارکنوں کا قیادت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم میں ناانصافی، پی ٹی آئی کارکنوں کا قیادت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
April 29, 2015
مالاکنڈ ڈویژن (نائنٹی ٹو نیوز)بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹو ں کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پرنکل آئے اورمین شاہراہ پردھرنادیکر احتجاجی مظاہرہ کیا جو بعدازاں احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہو گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ضلعی قیادت کیخلاف نعرے لگائے اور پارٹی چیئرمین عمران خان سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی مالاکنڈ کے کارکنوں نے ڈویژنل صدر عنایت خان کی قیادت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ٹکٹوں میں گھپلوں اور میرٹ کیخلاف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے مالاکنڈ شاہراہ بند کر دی اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر عنایت خان ، جنرل سیکرٹری محمد یونس خان اورسینئر نائب صدر سلیم خان نے کہا کہ مالاکنڈ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ٹکٹیں ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر تقسیم کی گئیں اور سابقہ ڈویژنل صدرنیک محمد خان ، ایم پی اے شکیل خان نے میرٹ کے بجائے اپنے چہیتوں کو ٹکٹوں سے نوازا ہے اور ایسے لوگوں کو ٹکٹیں دی گئیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست یا فارم بھی جمع نہیں کرایا۔ مقررین نے الزام عائد کیا کہ ملاکنڈ میں ٹکٹیں تقسیم کرنے والوں نے منظم سازش کے تحت پی پی پی کیلئے جبکہ بونیر میں جماعت اسلامی کیلئے راہیں ہموار کیں۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر عنایت خان نے کہا کہ ہم نے ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے اور فیصلے سے عمران خان اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کو منسوخ کرکے نئے سرے سے ٹکٹیں میرٹ پر اور کارکنوں کی مشاورت سے دی جائیں۔ انہوں نے عمران خان اور مرکزی قائدین سے بھی ٹکٹوں کی تقسیم میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔