Tuesday, April 30, 2024

بلدیاتی انتخابات : پنجاب اور سندھ کی متعدد یونین کونسلز میں پولنگ جاری

بلدیاتی انتخابات : پنجاب اور سندھ کی متعدد یونین کونسلز میں پولنگ جاری
December 17, 2015
لاہور (92نیوز) سندھ کی 44 اور پنجاب کی 57 یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ سانگھڑ اور بدین میں امن و امان کی صورتحال کے باعث انتخابات پھر ملتوی کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ کی متعدد یونین کونسلوں میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوا۔ لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ساہیوال، اٹک، بھکر، سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، وہاڑی، بہاولنگر، چنیوٹ، گوجرانوالہ، خانیوال، سیالکوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور نارووال کی 57 یونین کونسلوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ اسی طرح سندھ کے 15 اضلاع کی 44 یونین کونسلز اور 4 ٹاون کمیٹیز کے لئے پولنگ ہورہی ہے جن میں خیرپور، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، قمبرشہدادکوٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، ٹنڈوالہ یار، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، کراچی شرقی اور کراچی غربی کے اضلاع شامل ہیں۔ ان تمام اضلاع میں پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی کمی، نام اور انتخابی نشان کی غلط چھپائی، ہنگامہ آرائی اور امیدواروں کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد درخواستیں دائر کرنے کی وجہ سے الیکشن ملتوی کئے گئے تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع سانگھڑ اور بدین میں ہونےوالے بلدیاتی انتخابات سندھ حکومت کی درخواست پر ملتوی کیے گئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے پر دونوں اضلاع میں انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔