Thursday, March 28, 2024

بلدیاتی انتخابات، نامور شخصیات کے رشتہ داروں نے بھی حصہ لیا، کچھ کو شکست، کچھ کامیاب

بلدیاتی انتخابات، نامور شخصیات کے رشتہ داروں نے بھی حصہ لیا، کچھ کو شکست، کچھ کامیاب
November 1, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں بہت سی نامور شخصیات کے رشتہ داروں نے بھی حصہ لیا کچھ کو شکست ہوئی اور کچھ نے میدان مار لیا۔ فیصل آباد میں بڑے بڑے برج الٹ گئے۔ سابق مئیر چودھری شیر علی کے بیٹے اور وزیر مملکت عابد شیر علی کے بھائی یونین کونسل ایک سو سولہ سے چیئرمین کا مقابلہ ہار گئے۔ سابق ضلع ناظم رانا زاہد توصیف، سابق مئیر ملک اشرف الیکشن ہار گئے۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر قاسم فاروق کو بھی شکست ہو گئی۔ ایم این اے میاں منان کے بھانجے فقیر حسین ڈوگر بھی ناکام ہو گئے۔ ایم پی اے ملک نواز کے ایک بھائی کو شکست اور دوسرے کو کامیابی ملی۔ سابق سینیٹر اور ماہر قانون ایس ایم ظفر کے بیٹے عاصم ظفر لاہور میں یوسی ایک سو تیرہ سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر امیدوار تھے مگر انہیں اس انتخاب میں شکست ہوئی۔ معروف سیاسی رہنما لیاقت بلوچ کے بیٹے احمد سلمان بلوچ لاہور کی یوسی دو سو سولہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار تھے مگر وہ یہ مقابلہ جیت نہیں سکے۔ ایم این اے افضل کھوکھر کے کزن نثار کھوکھر یونین کونسل ایک سوپندرہ سے جیت گئے۔ جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ کے بیٹے فیصل پراچہ لاہور سے کونسلر کی نشست پر کامیاب ہو گئے۔ ننکانہ صاحب سے لیگی ایم این اے بلال ورک کے بڑے بھائی وقاص ورک یوسی چھتیس سے ہار گئے۔ اسی طرح ایم این اے ڈاکٹر شذرہ منصب علی کے کزن توصیف احمد یوسی پینتیس سے ہار گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ کے بھائی ندیم اصغر کائرہ لالہ موسیٰ سے جیت گئے جبکہ ایم این اے سعید منیس کے بیٹے اور صوبائی وزیر آصف منیس کے بھائی عاصم منیس وہاڑی کی یونین کونسل ستر سے چیرمین منتخب ہو گئے۔ چکوال میں ایم این اے طاہر اقبال کے بھائی ملک نعیم چیئرمین یونین کونسل منتخب ہو گئے اور چکوال سے ہی ایم پی اے ملک تنویر اسلم کے والد اسلم سیٹھی چیئرمین یونین کونسل منتخب ہو گئے۔ بہاولنگرسے منظور موہل کے بیٹے آصف موہل جیت گئے۔ بھکر سے ایم این اے عبدالمجید خان کے کزن فاروق اعظم، ندیم احمد اور امیر اعظم کامیاب ہو گئے۔ بھکر سے ہی ایم پی اے امیر محمد خان کے کزن جہانزیب خان اور شہزاد حسن جیت گئے۔ لودھراں سے ایم این اے عبدالرحمان کانجو کے دو کزن خورشید کانجو اور سہیل کانجو جیت گئے جبکہ ایم پی اے احمد بلوچ کے بیٹے نذیر خان بلوچ بھی کامیاب ہو گئے۔ لودھراں ہی سے ایم پی اے عامر اقبال کے والد اقبال شاہ اور چچا جہانزیب شاہ جیت گئے۔