Saturday, April 27, 2024

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد لیگی رہنماؤں کی داتا دربارپر حاضری

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد لیگی رہنماؤں کی داتا دربارپر حاضری
November 2, 2015
لاہور(92نیوز)پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں ن لیگ کی شاندار کامیابی پر لاہور کے رہنماﺅں نے داتا دربار حاضری دی اور شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ الیکشن میں کامیاب ہونیوالے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ۔ تفصیلات کےمطابق لیگی رہنما ایم این اے ملک پرویزلاہور کی میئر شپ کے متوقع امیدوار خواجہ احمد حسان رکن اسمبلی خواجہ عمران نذیرحافظ نعمان، اسد اشرف،توصیف شاہ سمیت متعدد یونین کونسلوں کے نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین داتا دربار پہنچے اور حاضری دی۔لیگی رہنماﺅں نے مزار پر فاتحہ خوانی کے علاوہ دربار مسجد میں شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ مسلم لیگ لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ لاہوریوں نے ایک دفعہ پھر ثابت کردیا کہ لاہور ن لیگ کے قلعہ ہے۔ لاہور کی میئر شپ کے متوقع امیدوار خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ شہر میں پہلے ہی ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے اب شہریوں کی مزید خدمت کرینگے۔ لیگی رہنماﺅں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔کمیٹی ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند نمائندوں سے رابطے کریگی۔